کراچی (نمائندہ خصوصی)انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں آج پھر سے ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔
انٹر بینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قیمت میں 33 پیسے اضافہ ہواہے جس کے بعد ڈالر 153 روپے 22 پیسے پر بند ہو گیاہے ، انٹر بینک میں گزشتہ تین کاروباری دنوں کے دوران ڈالر کی قیمت 94 پیسے بڑھ چکی ہے ۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی آج ڈالر کی قدر 70 پیسے بڑھ گئی ہے اور اس وقت 154 روپے 10 پیسے میں فروخت ہو رہاہے ۔ اوپن مارکیٹ میں تین روز کے دوران ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 30 پیسے اضافہ دیکھنے میں آیاہے ۔
سٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کے دوران مندی ریکارڈ کی جارہی ہے ، کاروبار شروع ہو اتو 100 انڈیکس 45 ہزار 981 پوائنٹس پر تھا جس میں دن گزرنے کے ساتھ کمی ہوتی رہی ، اس وقت انڈیکس 302 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 45 ہزار 679 پوائنٹس پر پہنچ گیاہے ۔