• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

بیرون ملک جانے کا معاملہ، لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی متفرق درخواستیں نمٹا دیں

May 24, 2021

لاہور(نمائندہ خصوصی)ہائی کورٹ نے مسلم لیگ (ن ) کے صدر اور قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی میاں شہباز شریف کی جانب سے دائر کی گئی متفرق درخواستیں نمٹادیں۔شہباز شریف نے نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے اور بیرون ملک جانے سے روکنے کے متعلق حکومتی اقدامات کو چیلنج کررکھا تھا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں شہباز شریف کابلیک لسٹ سے نام نکلوانے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت لاہور ہائی کورٹ جسٹس باقر علی نجفی نے کی ۔ سماعت کے دوران شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز کی جانب سے موقف اپنا یاگیاکہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں نیب کی درخواست پر ڈالا گیا ہے ،بلیک لسٹ کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت تھا اسی دوران نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا ،شہباز شریف اپنی درخواستیں واپس لینا چاہتے ہیں عدالت شہباز شریف کی درخواستیں واپس کرنے کے احکامات جاری کرے ۔
عدالت کی جانب سے وکیل امجد پرویز سے استفسار کیاگیا کہ کیااگر ہائیکورٹ کا حکم سپریم کورٹ میں چیلنج ہو جائے تو کیا کیس واپس لیا جا سکتا ہے ؟ جس پر قائد حزب اختلاف کے وکیل کا کہنا تھا کہ کیس واپس لیا جا سکتا ہے۔
جسٹس باقر نجفی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ قانون کے مطابق تو کیس کی موجودگی میں بھی ای سی ایل کیس فائل کیا جا سکتا ہے،ادارے جتنے حکومت کے ہیں اتنے ہی عام شہری کے بھی ہیں ۔درخواست گزار نیب کو فریق بنا کر ای سی ایل قانون کو چیلنج کرتا ہے تو کیس 2رکنی بینچ کے پاس جائےگا،درخواست گزار ای سی ایل کے خلاف متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتا ہے۔شہریوں کے حقوق کی حفاظت کرنا عدالت کا کام ہے ،قانون کے مطابق کوئی درخواست کسی بھی وقت واپس لی جا سکتی ہے،فری میڈیا کے فائدے اور نقصانات ہیں،ہمیں سوشل میڈیا سے ڈرنا نہیں چاہیے۔
لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی درخواست واپس لینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے تمام درخواستیں نمٹا دیں۔