ساہیوال (بیورو رپورٹ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی ضیاء کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ضلع بھر میں ٹریفک ایجوکیشن ایکٹیویٹیز کا سلسلہ جاری ہے جن کا مقصد شہریوں میں ٹریفک شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ سڑکوں پر حادثات کی شرح میں کمی لائی جا سکے اور ٹریفک کے نظام میں نظم و ضبط نظر آئے۔اسی سلسلہ میں سپیریئر کالج ساہیوال میں ٹریفک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔جس میں ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر پیر ریاض احمد،انچارج ٹریفک ایجوکیشن عامرشہزاد چیمہ،انسپکٹر نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس وسیم عباس انجم،پرنسپل کالج اسد الرحمان،اساتذہ کرام اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر پیر ریاض احمد نےطلباء سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے وطن کا مستقبل ہیں اس لیے آپ کی سڑکوں پر سیفٹی ہمارا اولین فرض ہے لہذا آپ کو ٹریفک قوانین سے روشناس کروا کر حادثات سے بچانا انتہائی ضروری ہے۔ آپ سب سے گزارش ہے کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ کی ہرگز اجازت نہیں ہے اور اس حوالے سے ہماری اسپیشل مہم کے تحت کریک ڈاؤن ن جاری ہے۔ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال کو اپنی عادت بنائیں۔ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی ہرگز مت چلائیں۔اس کے علاوہ پولیس ٹریفک ڈرائیونگ سکول کے بارے میں بھی تفصیل سے بریف کیا اور طلباء میں ٹریفک آگاہی پر مبنی پمفلٹس بھی تقسیم کیے۔انچارج ٹریفک ایجوکیشن عامر شہزاد چیمہ اور انسپکٹر نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس وسیم عباس انجم نے بھی ملٹی میڈیا پروجیکٹر پر تصاویر اور ویڈیوز دکھا کرطلباءکو روڈ سیفٹی سے متعلق تفصیل سے ہدایات دیں۔