• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

کراچی چیمبر انتخابات، بی ایم جی کے آغا شہاب صدر، ارشد اسلام سینئر نائب صدر، شاہد اسماعیل نائب صدر بلامقابلہ منتخب

Sep 25, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز ) کے سی سی آئی کے عہدیداروں کے انتخابات میں بی ایم جی کے تینوں امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے، جنرل باڈی اجلاس میںآغا شہاب بحیثیت صدر، ارشد اسلام سینئر نائب صدر، شاہد اسماعیل نائب صدر منتخب قرار پائے۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) سے منگل کو جاری ہونے والے اعلامیہ میں بتایا ہے کہ بزنس مین گروپ ( بی ایم جی ) سے تعلق رکھنے والے کے سی سی آئی کے عہدیداروں کی نشستوں پر سال 2019-20 کے لئے تمام تینوں امیدوار آغا شہاب احمد خان، ارشد اسلام اور شاہد اسماعیل بالترتیب صدر، سینئرنائب صدر اور نائب صدر کے عہدوں کے لئے بلامقابلہ کامیاب قرار پائے ہیں۔ بزنس مین گروپ کے چیئرمین و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی نے کہا کہ بی ایم جی گزشتہ 22 سالوں سے بغیر کوئی نشست ہارے کے سی سی آئی کے تمام انتخابات میں کامیابی حاصل کرتا چلا آرہا ہے، گزشتہ سال مخالفین کو دگنے ووٹوں سے بدترین شکست بھی دی اور رب کریم نے بی ایم جی اینز کو ایک بار پھر بلامقابلہ فتح سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 22 سالوں سے کامیابی بزنس مین گروپ کی عوامی خدمت کا اعتراف ہے جو اس بات کی بھی گواہ ہے کہ تاجر و صنعتکار برادری کی اکثریت بی ایم جی کی پالیسیوں سے متفق ہے کیونکہ وہ یہ سمجھتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ بی ایم جی اینز اُن کی بہتری کے لئے بے لوث خدمت کررہے ہیں۔ چیئرمین بی ایم جی نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب بی ایم جی اینز تاجر و صنعتکار برادری کی مشکلات دور کرنے کے لئے اپنی ہر ممکن کوشش کریںگے اور عوامی خدمت کے جذبے کو آگے بڑھائیں گے جو بی ایم جی کا مقصد ہے۔ کے سی سی آئی کے اعلامیہ کے مطابق چونکہ تمام عہدیدار بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں لہٰذا عہدیداروں کے انتخاب کے لئے منیجنگ کمیٹی کا جمعرات 26 ستمبر2019 کو ہونے والا اجلاس اب منعقد نہیں ہوگا۔ ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین اور عہدیداروں کے انتخابات کے حتمی نتائج کا باقاعدہ اعلان ہفتہ 28 ستمبر 2019 کو جنرل باڈی اجلاس میں کیا جائے گا جس میں سبکدوش ہونے والے عہدیدارسال برائے 2019-20 کے لئے منتخب ہونے والے نئے عہدیداروں کو ذمہ داریاں سونپیں گے۔