واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ پاکستان کوفنانشل ایکشن ٹاسک فورس( ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکلنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں،ہمیں پہلے خدشہ تھا کہ کہیں پاکستان گرے کے بجائے بلیک لسٹ میں نہ آ جائے۔ انٹر نیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف) سے اچھے انداز میں مذاکرات چل رہے ہیں، آئی ایم ایف کے اہداف ہمارے بھی اہداف ہیں ان اہداف میں ٹیکس نادندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانا شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق رضا باقر نے واشنگٹن میں موجود پاکستانی سفارت خانے میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک کا ترمیمی بل پہلی بار متعارف نہیں کروایا گیا ہے اس سے پہلے 5 بارسٹیٹ بینک ترمیمی بل لایا گیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ جو بل پاکستان کے فائدے میں ہو وہی پاس ہو،2015 میں بھی سٹیٹ بینک ایکٹ پاس ہوا تھا جس میں مانٹری پالیسی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، وہ بل بھی خود مختاری کی طرف ایک قدم تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ روشن ڈیجیٹل اکاونٹ سے بیرون ملک پاکستانیوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا ہے اب تک ایک لاکھ 80 ہزار پاکستانی اس سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، روز تقریبا 800 سے ایک ہزار نئے اکاونٹ کھل رہے ہیں، روشن ڈیجیٹل سے بیرون ملک پاکستانی اکاونٹ اور سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔