• Mon. Jul 7th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

جنوبی کوریا میں دو پولیس افسران کو جیل اور جرمانے کی سزا

Jul 17, 2021

سیول (نمائندہ خصوصی) جنوبی کوریا کی چھنجو کی ضلعی عدالت نے دو پولیس افسران کو مخصوص جرائم کے قانون کے تحت رشوت اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر جیل اور جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ دو پولیس والوں میں سے ایک حاضر سروس ہے جبکہ ایک پولیس کی ملازمت چھوڑ چکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق دونوں پولیس والوں نے ایک جرم میں ملوث افراد سے ایک ریسٹورینٹ میں ملاقات کی اور ابتدا میں ان سے مرسیڈیز بینز گاڑی کا مطالبہ کیا اور جب انہیں اس بات کا علم ہوا کہ گاڑی کا حاصل کرنا مشکل ہے تو اس کے بعد انہوں نے 50 ملین کورین وان جو تقریبا 45 ہزار 5سو ڈالر بنتے ہیں طلب کیے۔ عدالت نے فیصلے میں بتایا کہ مجرموں کے اس جرم کی وجہ سے معاشرے کے اعتماد کو بہت نقصان پہنچا ہے اور مجرموں نے اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے۔ عدالت نے حاضر سروس پولیس افسر کو سات سال جیل کی سزا اور 100ملین کورین وان جرمانہ جبکہ سابق پولیس افسر کو پانچ سال جیل کی سزا اور 100ملین کورین وان جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔