کراچی (نمائندہ خصوصی) پولیس نے قربانی سے پہلے بے قابو بھینسے کو فائرنگ کرکے مارنے والے آٹھ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے واقعے میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیاگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان ضلع ایسٹ پولیس کراچی کے اے ایس آئی ارشاد نے بتایا کہ سچل ٹاو¿ن تھانے کی پولیس نے سوشل میڈ یا پر وائرل ویڈیو کے بعد کامیاب کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث آٹھ ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔گرفتار ملزمان میں عمران، زبیر، عطاالرحمان، نور علی، وسیم احمد، معین الرحمان، سلمان اور عرفان شامل ہیں۔
تفتیش کے دوران گرفتارکئے گئے ملزمان نے بتایا کہ قربانی کے لیے لائے گئے بھینسے کو قصائی نے گرانا چاہا تو بھینسا بے قابو ہوگیا اور کئی افراد کو زخمی کردیا، اس لیے فائرنگ کی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کے ’اینیمل کرولٹی ایکٹ‘ کے تحت مقدمہ درج کیا گیاہے۔ اس قانون کے تحت کسی بھی پالتو یا پکڑے ہوئے جانور کو اگر کوئی شخص مارے گا یا تشدد کرکے مارے گا تو اس کی سزا ایک ماہ قید ہے اور اگر ملزم نے دوسری بار جانور کے ساتھ ویسا ہی سلوک کیا تو سزا تین سال تک ہوسکتی ہے۔
کراچی پولیس نے بے قابو بھینسے کو فائرنگ سے مارنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا
