بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے) ڈی پی او محمد فیصل کامران کا گزشتہ روز تھانہ ہیڈراجکاں اور ڈیرہ نواب کا وزٹ، ڈکیتی و قتل کے واقعات میں ملوث تین مرکزی ملزمان گرفتار۔ اہل علاقہ کا ڈی پی او کو خراج تحسین۔ کامیابی اللہ پاک کی طرف سے عطا ہوئی اور اس آزمائش میں سرخرو کیا، بہاولپور پولیس کا ٹیم ورک تھا، جس کے نتیجے میں یہ مشن پایہ تکمیل تک پہنچا، ڈی پی او
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب انعام غنی کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد فیصل کامران بہاول پورکو پرامن بنانے اور ڈکیتی و قتل سمیت دیگر اہم نوعیت کے مقد مات میں ملوث ملزمان کو گرفتارکرکے ان کو انجام تک پہنچانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں، ڈی پی او نے گزشتہ دنوں ہونے والے واقعات کے پیش نظر تھانہ ہیڈراجکاں اور ڈیرہ نواب کا وزٹ کیا، تھانہ ہیڈ راجکاں کی حدود میں شوہر کا بیوی کو قتل کرنے کے معاملہ کے پیش نظر ڈی پی او نے ورثاء سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملزم آصف علی نے اپنی بیوی کو بے رحمی سے قتل کیا تھا،جس پر ڈی پی او بہاول پور نے نوٹس لیا اور پولیس نے فوری کارروائی کا آغاز کیا اور دوگھنٹے کے قلیل وقت میں ملزم کو گرفتار کیا۔ ڈی پی او نے مقدمہ میں پولیس کی طرف سے مکمل انصاف کی یقین دہانی اور مقدمہ میں پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا، ڈی پی او نے ورثاء سے ملاقات کے دوران بات کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کو تمام سائنسی اور مادی شہادتوں کی بنا پر انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انصاف اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ بعد ازاں ڈی پی او محمد فیصل کامران نے تھانہ ڈیرہ نواب کا وزٹ کیا، چار دن قبل ڈیرہ نواب کے علاقہ میں ناخوشگوار واقعات پیش آئے، جس میں دو افراد قتل اور ایک شخص زخمی ہوا تھا ڈی پی او کی قیادت میں گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے شب و روز کی محنت کے بعد تین مرکزی ملزمان کو گرفتار کیا، ایک لمحہ ضائع کیے بغیر ڈی پی او کی قیادت میں بھاری نفری نے چولستان کے دور دراز علاقوں میں آپریشن کیا۔ پولیس نے مسلسل تین دن آپریشن بلا تعطل جاری رکھا۔ آپریشن میں سرکل احمد پور پولیس، ایلیٹ اور آئی ٹی ٹیموں نے حصہ لیا ۔ملزمان میں فیاص ولد اللہ ڈتہ، فیاض ولد یعقوب اور نعمان ولد اللہ رکھا شامل ہیں، ملزمان کو قانونی ضابطہ کار کے مطابق شناخت پریڈ پر بھجوایاگیا۔بعد از شناخت پریڈ ملزمان سے مزید تفتیش عمل میں لائی جائے گی۔ڈی پی او نے متاثرین اور اہل علاقہ سے ملاقات کی اور ان کو کیس کی پراگرس سے آگاہ کیا۔ اہل علاقہ نے پولیس کی اس بڑی کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس وقوعہ کے ملزمان کو ٹریس کرنا پولیس کیلئے چیلنج تھا۔ قیمتی جانوں کا ضیاع افسوسناک ہے۔ ایک لمحہ بھی اس کیس سے اوجھل نہیں تھا۔ آپریشن کو خود لیڈ کیا۔ کامیابی اللہ پاک کی طرف سے عطا ہوئی اور اس آزمائش میں سرخرو کیا۔ بہاولپور پولیس کا ٹیم ورک تھا۔ جس کے نتیجے میں یہ مشن پایہ تکمیل تک پہنچا۔ ڈی پی او نے آپریشن اور آئی ٹی ٹیم کیلئے تعریفی اسناد اور انعامات کا اعلان کیا۔
ڈی پی او محمد فیصل کامران کا گزشتہ روز تھانہ ہیڈراجکاں اور ڈیرہ نواب کا وزٹ
