بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے)ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے کہا ہے کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے قانون کو ہاتھ میں لینے والے شرپسند عناصر کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھونگ واقعے میں ملوث بدامنی پھیلانے والے ملزموں کے خلاف پولیس نے قانونی کارروائی کا آغاز کررکھا ہے کسی صورت مذہب کے نام پر کسی کی دل آزاری برداشت نہیں کی جائے گی۔کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر مندر کی بحالی کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے اور تمام فریقین کو موثر سیکورٹی بھی فراہم کی گئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز رحیم یار خان کے علاقے بھونگ میں توڑ پھوڑ کا شکار مندر اور دیگر عبادت گاہوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔آر پی او بہاولپور زبیر دریشک اور ڈی پی او رحیم یار خان بھی انکے ہمراہ تھے۔ایڈیشنل آئی جی نے اس موقع پر ہندو برادری سمیت تمام فریقین سے ملاقات کی اور ان کو ریاست کی جانب سے بھرپور سیکورٹی اور انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے بھونگ میں عمائدین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مندر واقعے کے بعد فرائض میں غفلت برتنے والے پولیس افسران کا احتساب کیا جارہا ہے اور امن و امان کی بحالی پولیس ہر صورت میں یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام ہمیں مذہبی رواداری اور برداشت کا درس دیتا ہے اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر اقلیتوں کو بھرپور مذہبی آزادی دینا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب نے اس موقع پر تھانہ بھونگ کا بھی دورہ کیا اور تفتیش کے حوالے سے کیس پر مکمل بریفننگ لی۔کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کو امن و امان کی بحالی کیلئے رینجرز کی معاونت بھی حاصل ہے معاملے کے مکمل حل تک علاقے میں سیکورٹی ریڈ الرٹ رکھی جائے گی۔بعد ازاں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کو آر پی او زبیر دریشک نے امن و امان کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ بھی دی۔