• Sun. Jul 6th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

افغان طالبان کی پیش قدمی جاری ، فوجی ہیڈ کواٹر کے علاوہ ایک اور اہم ترین عمارت پر قبضہ کر لیا

Aug 12, 2021

کابل (نمائندہ خصوصی)طالبان نے افغان شہر قندوز کے ائیرپورٹ اور فوجی ہیڈکوارٹر پر قبضہ کرلیا ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق صوبے فرح، بدخشاں اور بغلان سے افواج کے انخلا کے بعد طالبان نے نہ صرف قندوز ائیرپورٹ بلکہ وہاں قائم افغان فوج کی کور پامیر 217 کے ہیڈکوارٹر کو بھی قبضے میں لے لیا ہے، سوشل میڈیا پر ویڈیو ز بھی وائرل ہو رہی ہیں جس میں افغان فوجی طالبان کے آگے ہتھیار ڈال رہے ہیں، اس کے علاوہ طالبان نے قندوز میں فوجی ہیلی کاپٹر کو بھی قبضے میں لیا ہے۔

افغان حکام کے مطابق ضلع فرخار میں سیکیورٹی فورسز کو طالبان کے ہاتھوں بھاری جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے جب کہ صوبے بدخشاں میں صورتحال انتہائی خراب ہے، سرکاری گاڑیوں کو لوٹ کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ صرف 5 روز کے دوران طالبان 34 میں سے 9 صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کرچکے ہیں جب کہ طالبان کی پیش قدمی کو روکنے میں ناکامی پر صدر اشرف غنی نے آرمی چیف عبدالولی احمد زئی کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ جنرل ہیبت اللہ علی زئی کو نیا آرمی چیف مقرر کردیا ہے۔