اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیرا عظم عمران خان کا جملہ ایبسولوٹلی ناٹ دنیا بھر میں مشہور ہواہے اورموجو دہ حالات میں بھارت کو منہ کی کھانا پڑی ہے،افغانستان میں تبدیلی سے بھارت میں صف ماتم ہے اوراسکا ساری دنیا کو احساس ہے، افغانستان کی صورتحال پر بھارت کا پریشان ہونا لازمی امر ہے ۔عمران خان کچھ دنوں میں افغانستان کی صورتحال پر خطاب کریں گے۔
میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان براہ راست افغانستان کے کسی مسئلے میں ملوث نہیں ہے اور ہم نے امریکا کا اتحادی ہونے کی بڑی قیمت ادا کی، ہم نے 80 ہزار جانوں کی قربانی دی اور لاکھوں افراد معذور ہوئے، حکومت پاکستان نے افغانستان میں انخلا کیلئے تاریخی کردار ادا کیا، طالبان کی طرف سے عام معافی کا اعلان مثبت اقدام ہے۔ افغانستان میں تمام بھارتی سفارتخانے پاکستان کیخلاف استعمال ہو رہے تھے، بھارت سی پیک کیخلاف سازش میں ملوث ہے،دنیا کی کوئی طاقت سی پیک میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان پر افغان مہاجرین کا کوئی بوجھ نہیں ہے، طورخم اور چمن کے راستے کاروبار میں 15 فیصد اضافہ ہواہے جبکہ1500 لوگ طورخم سے ویزا کے ذریعے آئے جن میں افغانی شامل ہیں، ہمارا کام افغانستان سے آنیوالے غیر ملکیوں کو صرف طورخم پر پہنچانا ہے۔افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہورہی تھی لیکن اب طالبان نے یقین دلایا کہ افغانستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلا ف استعمال نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ 131 چینی کمپنیاں پاکستان کی ترقی میں ہاتھ بڑھا رہی ہیں،سی پیک کی 40کمپنیوں کو پاکستانی سیکیورٹی اداروں کا تحفظ حاصل ہے جبکہ دیگر 100سے زائد کمپنیوں کو بھی سیکیورٹی مضبوط کرنے پر غور کررہے ہیں، پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند ہے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ مولانافضل الرحمان کو افغانستان کی صورتحال کاادراک ہے جبکہ پاکستان ڈیموکریکٹ موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے باقی کھلاڑی انڈر 19ہیں،پی ڈی ایم میں مزید طاقت نہیں ،ان کو الیکشن کی تیاری کرنی چاہیے۔