ساہیوال(خاورعلی چوہدری سے)ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسرڈاکٹرآصف کمال نے کہا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء ڈرائیونگ کے تمام امورمیں کامیاب ہونیوالے افرادکوہی کیا جارہاہے۔ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے خواہشمند لرنردورانیہ میں خوب دل لگاکرڈرائیونگ سیکھیں کیونکہ ڈرائیونگ لائسنس میں کسی بھی قسم کی سفارش قابل قبول نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایچ ٹی وی وپی ایس وی ڈرائیونگ لائسنس کے امیدواروں سے پولیس لائن ساہیوال میں عملی ڈرائیونگ کاامتحان لیتے ہوئے کیا، موٹروہیکل ایگزامینئرملک لیاقت علی‘انچارج لائسنس برانچ فریدافتخاربھی اس موقع پر موجودتھے۔انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس ہر اس شہری کا حق ہے جو ڈرائیونگ کے ساتھ مروجہ قوانین سے بخوبی واقفیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہاکہ میرٹ پرپورااترنے والے امیدواروں کوکسی بھی قسم کی سفارش اورغیرقانونی ذرائع استعمال کرنے کی ضرورت نہیں وہ بمطابق قانون ٹیسٹ دیکراپنالائسنس حاصل کریں۔اس سلسلہ میں کوئی ایجنٹ یا ٹاؤٹ ڈرائیونگ لائسنس جاری نہیں کروا سکتا کیونکہ ڈرائیونگ کے تمام امورمیں کامیابی کے بغیرلائسنس جاری نہیں کیاجاتا اس لئے عوام کسی کے دھوکے میں نہ آئیں اور براہ راست ڈرائیونگ لائسنس اتھارٹی سے رابطہ کر کے قانون کے مطابق اپنا لائسنس حاصل کریں۔