کراچی(غلام مصطفے عزیز ) پاکستان اور سری لنکا کے مابین نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلی جانے والی تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا۔ جمعہ کو کھیلے جانے والے میچ کے لئے دونوں ٹیمیں اسٹیڈیم کے ڈریسنگ روم میں موجود ہیں۔ دوپہر تقریباً ایک بجے شروع ہونے والی ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ تین بجے سہ پہر تھم گیا تھا تاہم وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ وکٹ کو کورز سے مکمل طور پر ڈھانپ دیا گیا جبکہ گرائونڈ کے چاروں جانب پانی کھڑا ہوگیا تھا۔ اسی طرح گرائونڈ اور اسٹیڈیم کے باہر کی جانب چاروں اطراف میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی تھیں جس کی وجہ سے اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تماشائی بلکل نظر نہیں آ ئے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ دوپہر تین بجے شروع ہونا تھا جبکہ ٹاس کا وقت ڈھائی بجے تھا تاہم تیز بارش کی وجہ سے ٹاس بھی نہیں ہوسکا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان نے بتایا کہ گراؤنڈ کی آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث میچ منسوخ کر کیا گیا ہے۔ یہ نیشنل اسٹیڈیم کی تاریخ کا پہلا میچ ہے جو بارش کے باعث منسوخ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل نیشنل اسٹیدیم میں تین ایک روزہ میچز منسوخ ہو چکے ہیں، پہلا میچ 1982 میں آسٹریلیا کے خلاف عوام کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے منسوخ ہوا۔ دوسرا میچ آسٹریلیا کے خلاف 1988 میں ہنگامہ آرائی کے باعث منسوخ ہوا جبکہ تیسرا میچ بھارت کے خلاف 1989 میں منسوخ ہوا جبکہ یہاں پر 1984اور 2002 میں دو ٹیسٹ میچ بھی منسوخ ہو چکے ہیں۔