ساہیوال(خاورعلی چوہدری+ملک باسط علی کھوکھر سے )ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے سرکاری افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کی مشکلات کم کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے کو اولین ترجیح دیں۔ سرکاری آفیسران کو سوچنا چاہئے کہ دوردراز سے آنے والا سائل اگر شکایت کے ازالے کے بغیر واپس جائے تو اس پر کیا گزرتی ہو گی۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں تمام وفاقی و صوبائی محکموں کے افسران سے تعارفی میٹنگ میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر کے دروازے عوام کے لئے کھلے رکھے جائیں اور انہیں فوری سنا جائے۔ سرکاری دفاتر میں معمولی کاموں کے لئے چکر لگوانا قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹر، رجسٹری برانچز اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے فیلڈ دفاتر کی خصوصاً چیکنگ کرنے کا بھی عندیہ دیا۔ بعدازاں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید خان نیازی نے کورونا ویکسینیشن سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اب تک ضلع ساہیوال میں 5 لاکھ 38ہزار6سو 30افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے جو کل آبادی کا 37فی صد ہے جبکہ 40فی صد آبادی کو ویکسین لگانے کے ہدف کے لئے تمام ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں۔ ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے بس اڈوں، ویگن سٹینڈز، عدالتوں اور دوسرے رش والے مقامات پر خصوصی ٹیمیں تعینات کرنے کی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام کو ویکسین لگائی جا سکے۔ انہوں نے ضلع کے تمام مراکز صحت پر ادویات کی دستیابی اور ڈاکٹرز کی حاضری یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی جس سے دوردراز علاقوں کے عوام کو بھی علاج کی فوری سہولت یقینی بنائی جا سکے گی۔