کابل (نمائندہ خصوصی) امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ امریکی ملٹری کمانڈرز کے مطابق اگلے 36 گھنٹوں میں کابل ائیرپورٹ پر بم دھماکوں جیسی ایک اور دہشتگردانہ کارروائی کا قوی امکان ہے ۔
بی بی سی اردو کے مطابق گزشتہ جمعرات کو کابل ائیرپورٹ پر ہونے والے دھماکوں میں کم از کم 170 افراد ہلاک ہوئے جن میں امریکی فوجی بھی شامل ہیں ، اب امریکی صدر جوبائیڈن نے امریکی ملٹری کمانڈرز کے حوالے سے کہا کہ ایسی ہی ایک اور دہشتگردانہ کارروائی اگلے 36 گھنٹوں میں ہونے کی اطلاع ہے ، امریکہ نے اپنے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ کابل ایئرپورٹ جانے سے گریز کریں کیونکہ مزید حملوں کا خطرہ موجود ہے۔
دوسری جانب امریکہ نے ڈرون حملے میں دولتِ اسلامیہ کے دو افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے، امریکہ نے مشرقی افغانستان میں ڈرون حملہ کیا ہے جس میں دولت اسلامیہ خراسان سے تعلق رکھنے والے دو رکن ہلاک ہوئے ہیں۔ ان پر کابل ایئرپورٹ پر بم دھماکے میں ملوث ہونے کا الزام ہے، تاہم طالبان نے اس امریکی ڈرون حملے کی مذمت کی ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو کابل ائیرپورٹ پر ہونے والے دھماکوں کی ذمہ داری دولت اسلامیہ خراسان نےقبول کی تھی ۔
ادھر برطانیہ عام شہریوں کے انخلاء کی بعد اب فوجی اور سفارتی عملے کے انخلا پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔
اطلاعات کے مطابق کابل ائیرپورٹ پر ایک اور حملے کا قوی امکان ہے ، امریکی صدر نے ہوشیار کر دیا
