ساہیوال (بیورو رپورٹ ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر)محمد علی ضیاء کے احکامات اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر پیر ریاض احمد کی زیرنگرانی جہاں ضلع بھر کے مختلف تعلیمی اداروں میں جاکر طلباء کوٹریفک آگاہی لیکچرز دیئے جارہے ہیں وہیں کم عمر معصوم بچوں کو جنسی زیادتی اور جسمانی تشدد کے حوالے سے چائلڈ پروٹیکشن آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا۔جس میں ڈی پی او ساہیوال کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے انچارج ٹریفک ایجوکیشن اینڈ روڈ سیفٹی ونگ عامر شہزاد چیمہ نے شہرکے مختلف سکولز میں جاکر بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن آگاہی کے سلسلہ میں بریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں لہذا ان کی حفاظت جہاں والدین کی ذمہ داری ہے وہیں معاشرے کا بھی فرض ہے کہ وہ ان کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کرے۔بچوں سے بات کرتے ہوئے بتایا گیا کہ وہ اپنی عمر سے بڑی عمر کے لوگوں سے دوستی کرنے سے گریز کریں۔اور کسی اجنبی شخص سے کوئی بھی چیز نہ لیں۔اور کسی کے ساتھ کسی ویران جگہ یا بند مکان میں نہ جائیں۔کسی اجنبی شخص سے آنے جانے کے لیے ان کی گاڑی پر لفٹ بھی نہ لیں۔بچوں کو یہ بات بھی سمجھائی گئی کہ اگر کوئی مشکوک شخص آپ کو تنگ کرے تو فوراً پولیس ایمرجنسی نمبر 15 پر اطلاع دیں۔مزید بچوں میں چائلڈ پروٹیکشن آگاہی مہم پر مبنی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئےاور تعلیمی اداروں کے سربراہان سے میٹنگز کرکے ان کو بھی اس مہم کے بارے میں مطلع کیا گیا۔