• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری رابطہ عام مہم کے سلسلے میں سندھ بھر کے دورے کے دوران شہر شہر گاوں گاوں میں ملنے والی شاندار عوامی پذیرائی نے پاکستان پیپلزپارٹی کی مقبولیت کو مزید چار چاند لگا دیے ہیں .ملک شاہ محمد چنڑ

Aug 31, 2021

بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے )پاکستان پیپلزپارٹی ڈویژن بہاول پور کے سیکرٹری اطلاعات ملک شاہ محمد چنڑ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری رابطہ عام مہم کے سلسلے میں سندھ بھر کے دورے کے دوران شہر شہر گاوں گاوں میں ملنے والی شاندار عوامی پذیرائی نے پاکستان پیپلزپارٹی کی مقبولیت کو مزید چار چاند لگا دیے ہیں

جس سے سندھ بھر میں پیپلزپارٹی کے خاتمہ کا خواب دیکھنے والوں کی آس امیدوں پر پانی پھر گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی بے پناہ خدمات کی بدولت بی بی شہید کے لخت جگر کی بلاول بھٹو زرداری کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ہر جگہ ہزاروں عوام کا امڈ آنا و تاریخی استقبال نے پی ٹی آئی کے طبلچی وزیر مشیر کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے اور وہ اب مارے شرمندگی کے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری نوجوانوں، کسان،مزدور،خواتین،طلباء و طالبات،سرکاری ملازمیں،پینشنرز ،اقلیتوں اور غریب عوام سمیت ہر مکتبہ فکر کی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ہر فورم پر بھرپور نمائندگی کر رہے ہیں اور قوم کے دلوں کی دھڑکن بن چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری حکمرانوں کے ضمیر جھنجھوڑنے اور انہیں عوام سے کیے گئے وعدے یاد دلانے کے لیے سندھ کے بعد جنوبی پنجاب میں بھی اپنے ہفت روزہ دورہ کے دوران مختلف شہروں میں پنڈال سجائیں گے اور کٹھ پتلی حکومت کی ناقص کارکردگی اور عوام دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کریں گے۔انہوں نے کہاکہ عمران نیازی نے جنوبی پنجاب کے عوام کو پہلے 100 دنوں میں ایک نہیں دو صوبوں کے قیام کا وعدہ کیا تھا جو تین سالوں میں بھی ایفا نہیں ہو سکا۔انہوں کہاکہ صرف پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کی حامی و مخلص ہے اور انشاء اللہ بلاول بھٹو زرداری برسراقتدار آ کر جنوبی پنجاب کے عوام کا الگ صوبے کے دیرینہ مطالبہ کو پورا کریں گے۔