کابل (نمائندہ خصوصی) طالبان نے اپنے جنگجوؤں کے ہوائی فائرنگ کرنے پر پابندی عائد کردی۔
ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے جنگجوؤں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ جشن منانے کیلئے ہوائی فائرنگ کی بجائے خدا کا شکر ادا کریں۔ آپ کے ہاتھوں میں جو ہتھیار موجود ہیں وہ بیت المال کا حصہ ہیں اس لیے کسی کو انہیں ضائع کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہوائی فائرنگ کی وجہ سے عام شہریوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے اس لیے اس وقت تک فائرنگ نہ کی جائے جب تک انتہائی ضروری نہ ہوجائے۔
افغان میڈیا کا دعویٰ ہے کہ طالبان جنگجوؤں کی جانب سے پنج شیر کی مکمل فتح کا دعویٰ سامنے آنے پر کابل سمیت مختلف شہروں میں جشن منانے کیلئے ہوائی فائرنگ کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ طالبان نے وادی پنج شیر پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ کیا ہے تاہم مزاحمتی لیڈر امراللہ صالح کا کہنا ہے کہ حالات مشکل ہیں لیکن لڑائی تاحال جاری ہے۔
’بیت المال ضائع نہ کرو‘ طالبان نے ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کردی
