• Wed. Jul 9th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

سعودی عر ب میں دہشت گردی کے حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث شہری کا سرقلم کردیا گیا

Sep 8, 2021

ریاض(نمائندہ خصوصی) سعودی عرب میں سکیورٹی فورسز پر دہشت گردی کے حملے کی منصوبہ بندی اور ہتھیاروں کی سمگل میں ملوث شہری کا سرقلم کردیا گیا ہے۔ سعودی حکام کے مطابق مجرم ایک ایسے دہشت گرد سیل کا حصہ تھا جس کا مقصدمملکت کی سلامتی کو عدم استحکام سے دوچار کرنا تھا۔
خبر رساں ادارے العریبہ ارود نے سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے حوالے سے بتایا کہ سوموارکو سعودی وزارت داخلہ کے حوالے سے خبردی گئی کہ مجرم عدنان بن مصطفیٰ الشرفا سعودی شہری تھاجو مملکت میں ہتھیار سمگل کرکے لاتا رہاتھااوریہاں سے باہر بھی لے جاتا رہاتھا، وہ جس دہشت گرد سیل کا حصہ تھاوہ سعودی عرب کی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو ان کے ہیڈ کوارٹرزمیں نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق سیکورٹی حکام نے الشرفا کو گرفتارکرکے مقدمہ خصوصی فوجداری عدالت کو بھیج دیا تھا اور عدالت نے اس کے جرم کی سنگینی اور دہشت گردی کی کارروائی کے ارادے کے پیش نظراس کو قصور وار قرار دے کرسزائے موت سنائی تھی۔
وزارت داخلہ کے مطابق فوجداری عدالت کے اس فیصلے کو خصوصی اپیل عدالت اورسپریم کورٹ نے برقرار رکھا اور پھر ایک شاہی حکم کے تحت اس فیصلے پرعمل درآمد کیاگیا ہے۔