بہاولپور (نویداقبال چوہدری سے) عالمی شہرت یافتہ اداکار اور دنیائے کامیڈی میں اسٹیج اور تھیٹر کے شہنشاہ عمر شریف پاکستان کی پہچان اور اپنے شعبہ میں اکیڈمی کی حیثیت کے حامل تھے.
انکی زندگی کا بنیادی مقصد ہمیشہ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنا اور محبتیں کو فروغ دینا تھا. وی اپنی خداداد صلاحیتوں کی وجہ سے پوری دنیا میں جانے جاتے تھے. عمر شریف جیسے اداکار صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں. ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر بہاولپور آرٹس کونسل محمد زبیر ربانی نے پاکستان کے مایہ ناز کامیڈین و اداکار عمر شریف کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کیا. انھوں نے کہا کہ انکی وفات کے بعد پیدا ہونے والا خلا کبھی پورا نہیں ہو سکتا. مرحوم نے اپنے فن سے پوری دنیا میں پاکستان کی نمائندگی کی اور بھرپور داد تحسین کے حقدار ٹھہرے. بلاشبہ شوبز انڈسٹری کے ساتھ ساتھ ہر پاکستانی اس سانحہ ارتحال پر انکے لواحقین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں. محمد زبیر ربانی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِرحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرجمیل عطاکرے.