بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)خواتین آن لائن خریدوفروخت کرتے ہوئے محتاط رہیں ۔ آن لائن خریدو فروخت کرتے ہوئے جس کے ساتھ آپ خرید و فروخت کر رہے ہیں اس کی مکمل تفصیلات کا ہونا ضروری ہے کیونکہ انٹرنیٹ پر ہم کسی کی اصل شناخت کا اندازہ نہیں لگا سکتے۔
ان خیالا ت کا اظہار کوآرڈینیٹر سائبر سکیورٹی زون و سائبر سکیورٹی آف پاکستان عائشہ رزاق نے سائبان ویلفیئر فائونڈیشن کی جانب سے منعقد ہونے والے وومین انٹر پرینیورز کنوینشن میں شامل ہونے والی خواتین کو خریدو فروخت کے دوران پیش آنے والے سائبر فراڈز کے متعلق بتاتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اگر کسی کے ساتھ آن لائن خرید و فروخت کر تی ہیں تو اس کے ساتھ کی گئی بات چیت کو محفوظ رکھیں تا کہ کسی بھی قسم کے فراڈ کی صورت میں اس بات چیت کو بطور ثبوت پیش کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی خاتون کے ساتھ آن لائن فراڈ ہو جائے تو انہیں گھبرانے کی بجائے متعلقہ اداروں کو رپورٹ کرنا چاہئے تا کہ تحقیقات کرتے ہوئے قانونی کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔اس موقع پر مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر جنرل لیاقت علی شاہ گیلانی، مہمانان ایسوسیٹ پروفیسر ڈاکٹرمحمد شہزاد رانا،فارمر ڈپٹی کنٹرولر ریڈیو پاکستان بہاولپور سید نعیم شاہ، کوآرڈینیٹر ای ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر مدحت کامل حسین، چیئرمین سائبان ویلفیئر فائونڈیشن مسز آسیہ کامل، صوبائی صدر پاکستان سوشل ایسوسی ایشن ڈاکٹر عبدالرحمن ناصرو دیگر بھی موجود تھے۔