• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

گورنمنٹ شاداب ٹریننگ انسٹیٹیوٹ برائے مینٹیلی چیلنجڈ چلڈرن بہاول پور میں داخلے جاری ہیں

Oct 8, 2021

بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)گورنمنٹ شاداب ٹریننگ انسٹیٹیوٹ برائے مینٹیلی چیلنجڈ چلڈرن بہاول پور میں داخلے جاری ہیں جہاں طلباء وطالبات کو انسٹی ٹیوٹ سے ماہانہ 800 روپے وظیفہ، مفت یونیفارم اور پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ یہ بات پرنسپل گورنمنٹ شاداب ٹریننگ انسٹیٹیوٹ برائے مینٹیلی چیلنجڈ چلڈرن بہاول پورانیلہ چوہان نے ایک ملاقات میں بتائی۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی بچے معاشرے پر بوجھ سمجھنے کی بجائے انہیں ایک ذمہ دار اور مفید شہری بنانے کے لئے ان کا ادارہ اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ مینٹیلی چیلنجڈ بچوں کو انسٹی ٹیوٹ سے ماہانہ ستر فیصد حاضری پر 800 روپے وظیفہ، سالانہ تین یونیفارم اور فری پک اینڈ ڈراپ سروس کے علاوہ تفریحی و معلوماتی دورے کرائے جاتے ہیں اور انہیں ہم نصابی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کی سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ادارہ میں کونسلنگ، سائیکو تھراپی اور رہنمائی و مشاورت کے لئے ماہر امراض نفسیات،تجربہ کار اساتذہ موجود ہیں جو سپیشل بچوں کی تعلیمی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے علاوہ انہیں روز مرہ زندگی کی مہارتیں، زبان دانی، بول چال اور پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرتے ہیں تاکہ وہ عام شہریوں کی طرح زندگی گزارنے کے قابل ہو سکیں۔ انیلہ چوہان نے کہا کہ والدین داخلہ کے لئے مینٹیلی چیلنجڈ بچوں کے ب فارم، معذوری سرٹیفکیٹ، بلڈ گروپ و میڈیکل رپورٹس، تصاویر اور اپنے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کی نقول کے ہمراہ ادارہ سے رجوع کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کے داخلے کی آگاہی مہم کے لئے شہر کے مختلف مقامات پر پمفلٹس تقسیم کئے جا رہے ہیں جبکہ اساتذہ مختلف اداروں کے دورے کر کے سپیشل بچوں کو داخلہ کی ترغیب دے رہے ہیں اور لوگوں کو اپنے بچوں کو ادارہ میں داخلہ کرانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔انیلہ چوہان نے بتایا کہ گورنمنٹ شاداب ٹریننگ انسٹیٹیوٹ برائے مینٹیلی چیلنجڈ چلڈرن بہاول پورمیں آنے والے طلباء وطالبات کا روزانہ کی بنیاد پر چیک اپ کیا جاتا ہے اور کورونا ایس او پیز کا بھی خیال رکھا جاتا ہے۔