اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)یوسف رضا گیلانی کا سینیٹ الیکشن کالعدم قرار دینے کیلئے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی ، ملیکہ بخاری نے یوسف رضا گیلانی اور علی حیدر گیلانی کو طلب کرنے کی درخواست کر دی ۔
الیکشن کمیشن میں یوسف رضا گیلانی کا سینیٹ الیکشن کالعدم قرار دینے کیلئے درخواستیں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ملیکہ بخاری ، عالیہ حمزہ اور فرخ حبیب نے دائر کی ۔درخواستوں پر سماعت ممبر لاء الیکشن کمیشن نثار درانی اور شاہ محمد جتوئی پر مشتمل بینچ نے کی ۔دوران سماعت پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ملیکہ بخاری نے کہا کہ علی ظفر ملک سے باہر ہیں اس لئے ذاتی حیثیت میں دلائل دوں گی ، یوسف رضا گیلانی اور علی حیدر کی غیر موجودگی میں کیس آگے نہیں بڑھ سکتا۔
ممبر الیکشن کمیشن شاہ محمود جتوئی نے سوال کیا کہ آپ نے کیس سے متعلق اضافی دستاویزات دینے تھے، ملیکہ بخاری نے کہا کہ ہم نےدو حلف نامے ، ویڈیو کی ٹرانسکرپٹ جمع کرائے تھے ، علی حیدر گیلانی کی چار ویڈیوز موجود ہیں جو پورے پاکستان نے دیکھیں ، آج وہ جمع کرا رہے ہیں ، ہمارے پاس اور کوئی اضافی دستاویز یا ثبوت نہیں ۔
ملیکہ بخاری کی جانب سے درخواست کی گئی کہ یوسف رضا گیلانی اور علی حیدر گیلانی کو پیش ہونے کا حکم دیا جائے ، ممبر الیکشن کمیشن نثار ڈرانی نے کہا کہ جوابدہ کے وکیل کمیشن میں پیش ہو رہے ہیں ،الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 15 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی اور علی حیدر گیلانی سے جواب طلب کرلیا۔الیکشن کمیشن نے عالیہ حمزہ کی درخواست پر بھی یوسف رضا گیلانی سے جواب طلب کیا۔
ملیکہ بخاری کی نا اہلی کیس میں الیکشن کمیشن سے یوسف رضا گیلانی اور علی حیدر گیلانی کو طلب کرنے کی درخواست
