بغداد (نمائندہ خصوصی) عراق کا کہنا ہے کہ اس نے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے فنانشل چیف کو اپنے ملک سے باہر کیے گئے ایک آپریشن کے دوران گرفتار کرلیا ہے۔ امریکہ کی جانب سے سمیع جاسم کو انتہائی مطلوب شخص قرار دیا گیا تھا اور ان کی اطلاع دینے پر 50 لاکھ ڈالر کے انعام کا اعلان کیا تھا۔
عراق کے وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ سمیع جاسم الجبوری کو ایک انتہائی مشکل آپریشن کے دوران عراق کی قومی انٹیلی جنس سروس نے گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ آپریشن کس ملک میں کیا گیا۔ عراقی وزیر اعظم نے بتایا کہ سمیع جاسم کو حاجی حامد کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور وہ داعش کے سابق سربراہ ابو بکر البغدادی کے نائب تھے۔
بی بی سی کے مطابق عراقی حکام جاسم کی گرفتاری کو اہم کامیابی اور داعش کیلئے بڑا جھٹکا قرار دے رہے ہیں۔ جاسم کے بارے میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ وہ نہ صرف مالی امور کے نگران تھے بلکہ بیرون ملک آپریشنز میں بھی اہم کردار ادا کر رہے تھے۔
داعش کے سابق سربراہ ابو بکرالبغدادی کے نائب کو گرفتار کرلیا گیا
