• Mon. Jul 7th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پوری دنیا کے لیے رحمت العالمین بن کر تشریف لائے

Oct 17, 2021

بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے ) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پوری دنیا کے لیے رحمت العالمین بن کر تشریف لائے اور حقیقی معنوں میں تمام عالم کو احترام انسانیت کا درس دیا۔ آپ کی تعلیمات و اقدار ایک کامیاب فلاحی معاشرے کی اساس ہیں جس کے بنیادی اصول اخوت، مساوات،احترام انسانیت اور یکجہتی ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت رکھنا جزو نہیں بلکہ عین ایمان ہے۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپورانجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب (تمغہ امتیاز) نے بہاولپور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام رشدیہ آڈیٹوریم میں منعقدہ محفل سماع سے بحثیت مہمان خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محفل سماع میں فیض صابری قوال اور انکے ساتھیوں نے مدحت رسول میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر اطہر محبوب نے مدحت رسول پیش کرنے پر قوال فیض صابری کی حوصلہ افزائی کی اور انھیں کیش انعام سے نوازا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ دین و دنیا کی کامیابی اسوہ حسنہ کی پیروی میں ہے۔ حضور اکرم صلی علیہ والہ وسلم کی حیات طیبہ ہمارے لیے بہترین نمونہ اور رہتی دنیا تک کے انسانوں کے لیے ہدایت کا منبع ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تعلیمات ہر شخص اور انسان کے لیے مشعل راہ اور بالخصوص موجودہ حالات کے تناظر میں ہمارے لیے مینارہ نور ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی آمد سے ظلمت کے تاریک سائے چھٹ گئے اور علم و نور کی ایسی شمیں روشن ہوئیں جنھوں نے انسانیت کو عظمت کی معراج پر پہنچا دیا۔ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی عالمگیر اور آفاقی تعلیمات نے دنیا بھر میں امن و اخوت، یکجہتی، مساوات اور برداشت کے پیغام کو عام کیاجسکا اعتراف متعدد مستشرقین اپنی اپنی تصانیف میں برملا کرتے رہتے ہیں۔ مہمانان اعزاز رکن سینڈیکٹ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور و رہنما پاکستان تحریک انصاف سمیرا ملک، اسسسٹنٹ کمشنر جنرل سید لیاقت علی گیلانی اور خزانہ دار اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ڈاکٹر ابو بکر نے ربیع الاول کے بابرکت مہینہ کی مناسبت سے محفل سماع منعقد کرانے پر آرٹس کونسل کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔ ڈائریکٹر بہاول پور آرٹس کونسل محمد زبیر ربانی نے کہا کہ ماہ ربیع الاول مسلمانوں کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس مہینہ اللہ تعالی نے مسلمانوں پر رسول اکرم کی صورت میں بڑا احسان کیا جسکا ذکر قران مجید میں متعدد مقامات پر کیا گیا ہے۔ محمد زبیر ربانی نے کہا کہ جہاں ایک طرف ہم میلاد اور جشن ولادت منا رہے ہیں وہی ہم پر یہ لازم ہے کہ ان آفاقی تعلیمات پر عمل کریں اور انفرادی و گروہی اختلافات بھلا کر ملت اسلامیہ کے مفاد میں یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ بہترین معاشرے اور کامیاب زندگی کے لیے قران و سنت کو روزمرہ امور میں اپنا کر ہی حقیقی فلاح پا سکتے ہیں۔ محفل سماع میں پروفیسرڈاکٹر آصف رانجھا ڈائریکٹر فنڈ ریزنگ و چئرمین سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ دی اسلامیہ یونیورسٹی، پروفیسرڈاکٹر محمد سلیم چئرمین سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ دی اسلامیہ یونیورسٹی، شہزادہ احمد خالد ڈائریکٹر پریس میڈیا و پبلیکیشن اسلامیہ یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر شاھد رضوی سابقہ چئرمین شعبہ تاریخ اسلامیہ یونیورسٹی، ڈاکٹر عروج فاطمہ دی اسلامیہ یونیورسٹی، میڈم شکیلہ بلوچ، عابد رضوی ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ بھاول پور، اللہ بخش کلیار ممبر اسلامی نظریاتی کونسل، سہیل پاشی، ارشد بھٹی، طاہرہ خان، اسسٹنٹ ڈئریکٹر آرٹس کونسل سھیل کامران، مہ جبین طاہر، گلریز جاوید اور دیگر شرکاء کی کثیر تعداد شرکت کی۔ محفل سماع کی نقابت ملک ذکائاللہ پروگرام آفیسر آرٹس کونسل نے کی۔