بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے )چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ کیوایم سی کی ایم ایس بی وی ایچ ڈاکٹریونس وڑائچ کونوکری سے نکلوانے کی مبینہ دھمکیاں‘ پی ایم اے کے بعدوائی ڈی اے بھی میدان میں آگئی بی وی ایچ میں چیئرمین کیخلاف احتجاج کرنے کااعلان کردیا، تفصیل کے مطابق ممبرقومی اسمبلی فاروق اعظم ملک کے مبینہ برادرنسبتی چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ ملک طاہر اعوان نے اپنی چہیتی سپیچ تھراپسٹ کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے پرایم ایس بی وی ایچ ڈاکٹرمحمدیونس وڑائچ کوبدتمیزی کرنے کے علاوہ نوکری سے نکلوانے کی دھمکیاں دی تھیں پی ایم اے کی مداخلت کے باوجود بھی وہ اپنے موقف پرقائم رہااورپرنسپل کیوایم سی ڈاکٹرنیاز مقصود بھی چیئرمین کی سپورٹ کرنے لگاتھاجس پرپی ایم اے نے ہنگامی اجلاس کے دورا ن معاملات ٹھیک نہ کرنے کی صورت میں چیئرمین بورڈآف مینجمنٹ ملک طاہراعوان کیخلاف راست اقدام کافیصلہ کیاتھا۔ وائی ڈی اے پنجا ب کے نائب صدر ڈاکٹرمحمدبلال باجوہ اورصدروائی ڈی اے بہاولپورڈاکٹرشہباز حسین بندیشہ نے بھی چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ ملک طاہر اعوان کیخلاف احتجاج کرنے کافیصلہ کرلیاہے ان کاکہناہے کہ ملک طاہر اعوان من مانیاں کرتے ہوئے ہسپتال کے انتظامی امورکومتاثر کرتے ہیں ترقیاتی کاموں کے فنڈز کے اجراء میں بھی رکاوٹ بن رہے ہیں جس سے مریضوں کے علاج معالجہ کانظام متاثرہورہاہے اورڈاکٹروں کے مسائل بھی بڑھ رہے ہیں انہوں نے کہاکہ وائی ڈی اے آج گیارہ بجے دن بی وی ایچ میں چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ ملک طاہراعوان کے نامناسب رویہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرینگے۔