بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا ہے کہ بہاولپور ڈویژن ملکی زراعت اور پیداوار میں اہم کردار ادا کرتا ہے،پاکستان زرعی پیداوار میں دنیا کے 10 ویں نمبر پر ہے،ریگولر مارکیٹنگ مانیٹرنگ سسٹم لا رہے ہیں،1979 سے قائم منڈیوں کا پرانا نظام چل رہا ہے جس میں آڑھتی مالا مال ہورہا ہے پہلی بار پرائیوٹ منڈی سسٹم لا رہے ہیں۔صوبائی وزیر پریس کلب میں ” میٹ دی پریس ” میں خطاب کر رہے تھے ۔سید حسین جہانیاں گردیزی صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ کسانوں کو انکی فصل کا معقول معاوضہ دیا جائے گابہتر پیداوار کے انعامات کو اس بار ڈبل کردیا گیا ہے۔معیاری بیج کی فراہمی سے اس بار کپاس کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یوریاکھاد چونکہ ہمارے ملک میں پیداور ہوتی ہے اس لئے وہ آج بھی سستی ہے۔غیرملکی ڈی اے پی کھاد یا پیٹرول مہنگا ہوا ہے تو یہ عالمی منڈی میں کرونا کے باعث ہونے والی مہنگائی کی وجہ سے ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کسان کارڈ کاشتکار کو مالی امداد فراہم کرنے کی خاطر شروع کیا گیا ہے۔ایک سوال کہ وزیز اعظم عمران خان کے دورہ بہاول پور کے موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی میں ہونے والے کسان کنونشن میں وزیر اعظم نے صرف ق لیگ کے کارکنان کو کسان کارڈ دیئے کہ جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ ایسا نہیں کسان کارڈ سب کسانوں کے لیے ہیں ہاں یہ ہو سکتا ہے کہ کسی تقریب میں کچھ لوگ کسی مخصوص جماعت کے آسکتے ہیں مگر سارے ایک جماعت کے ہو ایسا نہیں ہو سکتا ۔