بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے اراضی ریکارڈ سنٹربہاول پور(صدر) میں منعقدہ ریونیو عوامی خدمت کچہری میں سائلین کے ریونیو سے متعلق مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر ہی متعلقہ محکمہ جات کو ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو شاہد عمران مارتھ، اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور(صدر) زاہد حسین ، ریونیو افسران و ریونیو عملہ موجود تھا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت کے مطابق ہر تحصیل میں ہر ماہ کے پہلے دو ورکنگ ڈے پر ریونیو عوامی خدمت کچہریاں منعقد کی جا رہی ہیں اور عوام کے ریونیو سے متعلق مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔اس موقع پر ریونیو عوامی خدمت کچہری میں کاؤنٹرز برائے رجسٹری، درستگی ریکارڈ، معائنہ ریکارڈ، اندراج انتقالات اور دیگر ریونیو کاؤنٹرز قائم کئے گئے جہاں سائلین کے ریونیو سے متعلق مسائل حل کئے گئے۔ ریونیو عوامی خدمت کچہری میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ریونیو عوامی خدمت کچہری میں آئے ہوئے سائلین کی درخواستوں پر کاروائی کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات کو احکامات جاری کئے۔