• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ناسا کے خلاف جیف بیزوس کی درخواست پر امریکی عدالت نے فیصلہ سنادیا

Nov 6, 2021

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) جیف بیزوس امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کے خلاف دائر کرایا گیا مقدمہ ہار گئے۔ عدالت نے ان کے خلاف فیصلہ سنا دیا۔میل آن لائن کے مطابق ناسا نے ایک چاند گاڑی تیار کرنے کا معاہدہ ایلون مسک کی کمپنی سپیس ایکس کے ساتھ کر لیا تھا۔ جس پر جیف بیزوس کی کمپنی ’بلیو اوریجن‘ ناسا کے خلاف عدالت چلی گئی تھی۔ بلیو اوریجن کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ناسا اصل میں اس چاند گاڑی کی تیاری کے لیے کئی کمپنیوں کے ساتھ کنٹریکٹ کرنے جا رہی تھی تاہم بعد ازاں صرف ایک کمپنی سپیس ایکس کو کنٹریکٹ دے دیا گیا۔
امریکی وفاقی عدالت نے گزشتہ روز اس 2.9ارب ڈالر کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ناسا کو کنٹریکٹ سپیس ایکس کو دینے میں حق بجانب قرار دے دیا ہے۔اس عدالتی فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے جیف بیزوس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا کہ ”عدالت سے وہ فیصلہ نہیں آیا جو ہم چاہتے تھے لیکن ہم عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ ناسا اور سپیس ایکس کا کنٹریکٹ کامیابی سے ہمکنار ہو۔“سپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے اس فیصلے پر جیف بیزوس کی چٹکی لیتے ہوئے ایک ٹویٹ میں GOAکے الفاظ کے ساتھ طاقتور مسلز کا ایموجی پوسٹ کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق جیف بیزوس کی کمپنی بلیو اوریجن نے ناسا کو یہ چاند گاڑی 2ارب ڈالر میں تیار کرکے دینے کی پیشکش کی تھی تاہم ناسا نے یہ کنٹریکٹ 2.9ارب ڈالر میں جیف بیزوس کی کمپنی سپیس ایکس کو دے دیا تھا۔ناسا نے بلیو اوریجن کے عدالت چلے جانے پر سپیس ایکس کے ساتھ معاہدے پر عملدرآمد عارضی طور پر روک دیا تھا۔ واضح رہے کہ یہ چاندگاڑی ناسا کے آرٹیمز پروگرام کے تحت ایک مرد اور ایک خاتون کو چاند کی سطح پر لے کر جائے گی۔ اس مشن کے تحت بھیجی جانے والی خاتون چاند کی سطح پر قدم رکھنے والی پہلی خاتون ہو گی۔اس پروگرام کا ایک اور مقصد غیرسفید فام فرد کو چاند پر لیجانا بھی ہے۔