کبیروالا ( وقار پراچہ )پاکستان کوعالمی صورتحال کے تناظر میں سنگین بحرانوں کا سامنا ہے،وزیر اعظم عمران خان کو عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات کا بھرپوراحساس ہے، پنجاب حکومت،زراعت،تعلیم اورصحت سمیت دیگر شعبوں میں عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنارہی ہے،
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے صدر تحریک انصاف کبیروالا سٹی چوہدری سعید اقبال گل کے ساتھ ملاقات کرنے کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کرونا سمیت دیگر حوالوں سے مشکل صورتحال اور درپیش چیلنجز کے باوجود معاشی ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے پاکستان کو آگے لے جانے کی راہ پر گامزن کرنے میں کافی حدتک حوصلہ افزاء نتائج حاصل کئے ہیں،جن کا حصول خوش آئند ہونے کے ساتھ ساتھ آنیوالی نسلوں کے لئے”محفوظ اور مضبوط پاکستان“ کے قیام کی بنیاد ثابت ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی بوکھلاہٹ سے واضح ہے کہ وہ حکومت کی معاشی استحکام کے حوالے سے بہترین کارکردگی کوآئندہ الیکشن میں اپنے سیاسی مقاصد کیلئے شدید خطرہ محسوس کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت،خصوصاً وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد عثمان بزدار جس نیک نیت اور پر خلوص جذبے کے ساتھ زراعت کی ترقی اور کسان کی خوشخالی کیلئے سنجیدہ کردار ادا کررہے ہیں،اس کے تناظر میں پاکستان کی معاشی خوشحالی کا خواب بہت جلد شرمندہ تعبیرہوسکتا ہے
پاکستان کوعالمی صورتحال کے تناظر میں سنگین بحرانوں کا سامنا ہے
