• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پانچ روزہ انسداد پولیو مہم بہاول پور ضلع میں 13دسمبر سے شروع ہوگی

Nov 30, 2021

بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے )پانچ روزہ انسداد پولیو مہم بہاول پور ضلع میں 13دسمبر سے شروع ہوگی۔ اس دوران پانچ سال تک کی عمر کے 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت دفتر کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد ارائیں، ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر خالد چنڑ، نمائند یونیسف ڈاکٹر ذاکر، نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر مفکر، ڈاکٹر یاسر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ، ڈی ایچ او ہیومن ریسورسز اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کامیابی سے ہم کنار کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران و سٹاف اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ موبائل، فکسڈ اور ٹرانزٹ ٹیموں کے ارکان فیلڈ میں فعال انداز میں کام کریں۔ اس دوران ایک بچہ بھی پولیو کی خوراک سے محروم نہ رہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر خالد ارائیں نے بریفنگ میں بتایا کہ 13سے15دسمبر کے دوران انسداد پولیو مہم کے موقع پر گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ جبکہ اس دوران رہ جانے والے بچوں کو16 اور17 دسمبر کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے2343 موبائل ٹیمیں، 173فکسڈ ٹیمیں اور133 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ اس مہم کے دوران 122یونین کونسل مانیٹرنگ آفیسرز،337ایریا انچارج اور دیگر متعلقہ افسران اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی اجلاس منعقد ہو جس میں ضلع بھر میں ڈینگی سے بچاؤ کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ڈینگی سے محفوظ رہنے کے لیے مؤثر انداز میں کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان ڈور اور آؤٹ ویکٹر سرویلنس بہتر طریقہ سے کی جائے۔ نیز اینڈرائڈ سرگرمیوں میں مزید اضافہ کیا جائے۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر خالد چنڑ نے بریفنگ میں بتایا کہ یکم جنوری سے29نومبر2021ء کے دوران ڈینگی کے1416 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ جن میں سے105کیسز کنفرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے محفوظ رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں ضلع بھر میں 412 ان ڈور اور108 آؤٹ ویکٹر سرویلنس ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور ان ٹیموں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں 1586ہاٹ سپاٹس ہیں جو کہ باقاعدہ سو فیصد کور کر لی گئی ہیں۔