بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے ) پاکستان پیپلزپارٹی ڈویژن بہاول پور کے سیکرٹری اطلاعات ملک شاہ محمد چنڑ نے کہا ہے کہ ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی و بے روزگاری کی وجہ سے غریب عوام پہلے ہی بدحالی کا شکار ہو چکے ہیں اوپر سے عوام دشمن حکومت کا بجلی کی قیمت میں مزید 4.74 روپے فی یونٹ اضافے کا فیصلہ مرے کو مارے شامدار کے مترادف اقدام ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک جانب آئی ایم ایف نے ملک کی معیشت پر پنجے گاڑھ کر اس کا بیڑا غرق کردیا ہے تو دوسری طرف حکمرانوں کی ملی بھگت و عدم توجہی کی بدولت کرپٹ مافیا نے روز مرہ کے استعمال کی اشیاء پر ناجائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزی کو اپنا وطیرہ بنا لیا ہے جس سے عوام بدترین ڈپریشن کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات ،آٹے ،چینی ،گھی ،سبزیاں،گوشت اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں سو فیصد سے بھی زیادہ اضافہ ہو چکا ہے اور جن کے ذرائع آمدن محدود ہیں اور وہ غریب عوام خود کشیوں پر مجبور ہیں لیکن حکمران ٹولے کی عیاشیاں کم ہونے کی بجائے بڑھتی جارہی ہیں اور وہ پہلے سے زیادہ مہنگی گاڑیاں، لباس، خوراک اور رہائش کے مزے لوٹ رہے ہیں۔