• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ہوائی جہاز میں درجہ حرارت کم ہونے کا ایسا فائدہ سامنے آگیا کہ جان کر آپ کو بھی بے حد حیرت ہوگی

Dec 16, 2021

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ہوائی جہاز میں درجہ حرارت بہت کم ہوتا ہے اور مسافروں کو بہت زیادہ سردی لگتی ہے۔ اب سائنسدانوں نے جدید تحقیق میں فضائی سفر کے دوران جہاز میں لگنے والی اس سردی کا ایک ایسافائدہ بتا دیا ہے کہ کسی نے سوچا بھی نہ ہو گا۔ دی سن کے مطابق اے ایس ٹی ایم انٹرنیشنل کے سائنسدان کافی عرصے سے فضائی سفر کے دوران جہاز کے اندر ہوا کے دباﺅ، درجہ حرارت اور مسافروں کے بے ہوش ہونے کے درمیان تعلق پر تحقیق کر رہے ہیں، جس میں معلوم ہوا ہے کہ جہاز کے اندر درجہ حرارت اس قدر کم ہونے کا فائدہ یہ ہے کہ اس سے مسافر بے ہوش نہیں ہوتے۔

سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ فضائی سفر کے دوران لوگوں کے بے ہوش ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے اور اگر جہاز کا درجہ حرارت زیادہ ہو تو اس امکان میں کئی گنا اضافہ ہو سکتا ہے۔ درجہ حرارت کم ہونے کی وجہ سے لوگ بہت کم بے ہوش ہوتے ہیں۔ سائنسدانوں نے بتایا کہ فضائی سفر کے دوران مسافروں کے بے ہوش ہونے کی وجہ ’ہائپوکسیا‘ (Hypoxia)نامی عارضہ ہے۔ یہ تب لاحق ہوتا ہے جب انسانی جسم کی بافتوں کو مناسب مقدار میں آکسیجن نہیں مل پاتی۔ اگر درجہ حرارت زیادہ ہو تو یہ عارضہ شدت اختیار کر سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس عارضے کی وجہ سے فضائی سفر کے دوران لوگوں کے بے ہوش ہونے کی شرح کافی زیادہ ہے، جسے کم رکھنے کے لیے فضائی کمپنیوں کی طرف سے جہازوں میں درجہ حرارت کم رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
بسااوقات ہائپوکسیا فضائی سفر کے دوران انتہائی خطرناک بھی ہو سکتا ہے۔ 2005ءمیں اس کی وجہ سے ایک جہاز گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 121مسافر سوار تھے اور سب کی موت واقع ہو گئی تھی۔ یہ پرواز قبرص کے شہر لارنیکا سے یونان کے شہر ایتھنز جا رہی تھی، جس میں ہوا کا دباﺅ انتہائی کم ہو جانے کے باعث مسافر اور عملہ بے ہوش ہو گئے اور جہاز آٹوپائلٹ پر جانے کے بعد گر کر تباہ ہو گیا تھا۔