• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

’’نوازشریف کی نااہلی ختم کرانے کیلئے راستے نکالے جارہے ہیں، اگر۔۔۔‘‘وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں کیا کہا؟ نجی ٹی وی کا بڑا دعویٰ

Dec 25, 2021

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نجی ٹی وی نے دعویٰ کیاہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ترجمانوں کے اجلاس کے دوران کہا کہ نواز شریف کی سزا ختم ہونے سے متعلق قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں، یہ کیسے ممکن ہے کہ سزا یافتہ شخص کی سزا ختم ہو جائے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے ترجمانوں کے اجلاس میں ان کا کہناتھا کہ نواز شریف نے عوام کا پیسہ لوٹا اور باہر منتقل کیا، پانامہ میں نواز شریف کا نام آیا اور عدالت نے ڈس کوالیفائی کیا، ایک مجرم کی سزا ختم کر کے کیسے چوتھی بار وزیراعظم بنایا جا سکتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی ختم کرانے کے لیے راستے نکالے جا رہے ہیں، اگر نواز شریف کی سزا ختم کرنی ہے تو ساری جیلیں کھول دینی چاہئیں، چھوٹے کیسز میں ملوث لوگ جیلوں میں اور بڑے چوروں کے لیے راستے نکالے جانے کی باتیں ہو رہی ہیں۔
اجلاس میں بیرسٹر سیف نے بلدیاتی الیکشن میں ووٹ حاصل کرنے سے متعلق اعدادوشمار سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ویلیج کونسل کے نتائج میں بہتری کی امید ہے، تحریک انصاف کے پی کے میں ووٹوں کے تناسب سے مقبول اور بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا کے پی الیکشن سے متعلق خوشیاں منانا حیران کن ہے، کے پی میں تحریک انصاف کو ووٹ زیادہ پڑا ہے لہذا اس کو اجاگر کیا جائے، تحریک انصاف کا ووٹر اور عوام ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔