• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

لاہور کے شہریوں کو صحت کارڈ کس طرح ملے گا اور اس کے ذریعے کونسی بیماریوں کا علاج ہو سکتاہے ؟ حکومت نے اعلان کر دیا

Jan 2, 2022

لاہور (نمائندہ خصوصی)صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے کہاہے کہ پنجاب کے ہر خاندان کو صحت کارڈ دیا جائے گا اور اس کا اجراء تیزی سے جاری ہے ، ہر بندے کو نہیں صرف گھر کے سربراہ کو ہیلتھ کارڈ دیا جائے گا جس پر وہ اپنا اور بچوں کا علاج کروا سکتا ہے ۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یاسمین راشد کا کہناتھا کہ کارڈ بنوانے کیلئے نادرا میں بچوں کا اندراج ہونا ضروری ہے ، نادرا میں رجسٹرڈ ہوئے بغیر صحت کارڈ نہیں ملے گا ، صحت کارڈ کیلئے نادرا کے دفتر سے رابطہ کیا جائے ، جس کے بچے ہیں وہ اپنے بچوں کا ب فارم ضرور بنوائیں ۔سہولت کیلئے ہم نے ایپ بنا دی ہے ، ایپ کے ذریعے تمام معلومات مل سکیں گی، کارڈ ہر بندے کو نہیں صرف گھر کے سربراہ کو دیا جائے گا ۔
یاسمین راشد کا کہناتھا کہ صحت کارڈ کا استعمال ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد ہی ہو سکے گا ،صحت کارڈ کے ذریعے آپ امراض قلب، ذیابیطس ، گردو ں کی بیماریاں ، سرطان ، حادثات کے دوران لگنے والی چوٹوں کا علاج ،اعصابی نظام کاعلاج ،تھیلیسیمیا ، حمل اور زچگی سمیت دیگر معاملات جن کیلئے ہسپتال میں داخل ہونا ضروری ہے ، ان تمام کا علاج کارڈ کے ذریعے ممکن ہو گا ۔
وزیر صحت کا کہناتھا کہ لاہور ڈویژن کی تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنر کے دفاتر میں باقاعدہ سہولت ڈیسک بنا دیئے گئے ہیں ، اگر آپ ایپ استعمال نہیں کرتے تو ان کے پاس ایک فارم ہے ، وہاں جا کر آپ اپنی تفصیلات اس فارم پر درج کریں، یہ فارم نادرا بھیج دیا جائے گا، اس طرح آپ کو کارڈ مل جائے گا ۔