بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے) مسلم لیگ ن خواتین ونگ بہاول پورکی سینئر نائب صدر’سابق ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ بروقت کھادنہ ملنے کے باعث گندم کی فصل رنگ تبدیل کررہی ہے۔گورنمنٹ کے بنائے گئے کھادسیلزپوائنٹ پرکھادموجود ہی نہیں جبکہ بلیک میں کھاد کسانوں کوفروخت کئے جانے کادھندہ عروج پرہے جس پر انتظامیہ کاروائی کی بجائے خاموشی اختیارکئے ہوئے ہے ۔آنیوالے وقت میں گندم کی پیداوار اچھی نہ ہوئی تو قحط سالی کاسامناکرناپڑسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کھاد کا بحران حکمرانو ں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پنجاب اپنی زرخیزی کی وجہ سے پورے پاکستان میں مقام رکھتا ہے۔پنجاب کے کسان اپنا خون پسینہ ایک کرکے زمین سے اناج اگاتے ہیں جس سے پورے پاکستان کی زرعی ضروریات پوری ہوتی ہیں مگر بدقسمتی سے تبدیلی سرکار کسانوں کا گلہ گھونٹنے کے درپے ہے۔جب تک کسانوں کو زرعی ضروریات کی اشیاء وافر اور مناسب قیمت پر دستیاب نہیں ہونگی اس وقت تک نہ کسان خوشحال ہوسکتا ہے اور نہ ہی ملکی زراعت کے میدان میں ترقی کرسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت پنجاب بھر میں یوریا کھاد مارکیٹ سے غائب ہے جس کی وجہ سے کسان پریشان ہیں۔کسانوں کو ذخیرہ اندوز مافیا دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے اورلگتا ہے ارباب اقتدار بھی اس مافیا سے اپنا حصہ وصول کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف حکومت کسانوں کوسبسڈی دینے کے دعوئے کررہی ہے جبکہ دوسری طرف کھادمافیا کے زریعے کسانوں کااستحصال کیاجارہاہے۔ اگر گندم کو بروقت کھاد نہ ملی تو آئندہ سال گندم کا بحران بھی پیدا ہوگا ،انتظامیہ اپنے کمروںتک محدود ہے کسی قسم کی کوئی کاروائی کھاد مافیاکیخلاف نہیں کی جارہی ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت فوری طورپر کھادمافیاکیخلاف کریک ڈائون کرئے، کھاد کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ کسانوں کو مقررہ نرخ پرکھاد مہیا ہوسکے۔