بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ڈینگی سے محفوظ رہنے کے لئے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و سٹاف اپنا کردار ادا کریں اور ڈینگی کے حفاظتی اقدامات بارے لوگوں کا شعور اجاگر کیا جائے۔ وہ اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال، ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد محمود آرائیں، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر خالد چنڑ، ڈائریکٹر ایمرجنسی بہاول وکٹوریہ ہسپتال ڈاکٹر عامر بخاری اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی ویکٹر سرویلنس ٹیمیں فیلڈ میں فعال انداز میں کام کریں اور اینڈرائیڈ یوزر سرگرمیوں میں اضافہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پانی کو ایک جگہ ٹھہرنے نہ دیا جائے۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر خالد چنڑ نے بریفنگ میں بتایا کہ یکم جنوری 2022ء سے 26جنوری تک ضلع بھر میں ڈینگی کے 40مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں 412ان ڈور ٹیمیں اور 108آؤٹ ڈور ٹیمیں ویکٹر سرویلنس کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ بہاول پور ضلع میں ڈینگی کے حوالہ سے 1703ہاٹ سپاٹس ہیں جن کی سو فیصد کوریج کر لی گئی ہے۔