بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے )ضلعی زکوٰۃ کمیٹی بہاول پور کا اجلاس چیئرمین ملک احمد نواز ننگانہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مالی سال 2021-22ء کی دوسری ششماہی کے لئے مختلف مدات میں 5کروڑ 58لاکھ 32ہزار روپے کے زکوٰۃ فنڈز کی منظوری دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزارہ الاؤنس کی مد میں 3کروڑ 71لاکھ 79ہزار روپے، نابینا افراد کے لئے 25لاکھ 77ہزار روپے، تعلیمی وظائف کے لئے 10لاکھ 41ہزار روپے، دینی مدارس کے لئے 10لاکھ 41ہزار روپے، ضلع بھر کے 4ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں زیر تربیت مستحق و غریب طلباء وطالبات کی فنی تعلیم و تربیت کے لئے زکوٰۃ فنڈ سے 1کروڑ 17لاکھ 32ہزار روپے جاری کر دیئے گئے ہیں۔ اسی طرح سرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج غریب و مستحق افراد کے مفت علاج معالجہ کے لئے 22لاکھ 60ہزار روپے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔چیئرمین ضلعی زکوٰۃ کمیٹی بہاول پور ملک احمد نواز ننگانہ اور ضلعی زکوٰۃ آفیسر بہاول پور محمد آصف اقبال نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ ہمیشہ کی طرح اس سال بھی محکمہ زکوٰۃ و عشر پنجاب نے غریب، مستحق اور نادار طلباء وطالبات کی تعلیم و تربیت اور غریب افراد کے علاج معالجہ کے لئے زکوٰۃ فنڈ سے کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کئے ہیں تاکہ مہنگائی کے اس دور میں غریب و مستحق افراد کی مدد کی جا سکے۔