• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اداروں کی مضبوطی حکومت کی اولین تر جیح ہے۔

Jan 27, 2022

بہاول پور(نویداقبال چوہدری نمائندہ نیوز ٹائم)گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اداروں کی مضبوطی حکومت کی اولین تر جیح ہے۔کر پشن کے خاتمے کے لئے سیاسی ومذہبی جماعتوں سمیت تمام مکتبہ فکر کو اپنا کردادا کر نا ہوگا۔بلدیاتی انتخابات سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کر نے میں مدد ملے گی۔صحت انصاف کارڈ حکومت کا غر یب عوام کے لیے تحفہ ہے۔جنوبی پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کے لیے جو اقدامات آج ہو رہے ہیں ماضی میں ان کی کوئی مثال نہیں ملتی۔پنجاب آب پاک اتھارٹی کے منصوبوں پر بھی کام کی رفتار کو تیز کیا جارہا ہے۔وہ آج یہاں بہاول پور آمدکے موقع پر سرکٹ ہاؤس بہاول پور میں پاکستان تحریک انصاف کے مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر اسلامی یونیورسٹی بہاول پورانجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب، ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا، ڈی ایس پی بہاول پور محمد فیاض الحق سمیت دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ضلعی افسران کو امن وامان یقینی بنانے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کے لیے حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی اور عوام سے کیے جانے والے وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے پارٹی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحر یک انصاف کی حکومت عوامی خدمت اور خوشحالی کے ایجنڈے کو لے کر اقتدار میں آئی اور ہم صرف اور صرف پاکستانی عوام کی ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں جس کے لیے وفاقی اور پنجاب حکومت کے تمام ادارے مل کر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام الناس کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اوراس سلسلہ میں درپیش مالی مشکلات کے حل کے لئے موجودہ حکومت نے انصاف کارڈ بھی جاری کر دیا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران پاکستانی ڈاکٹرز نے جس محنت اور جذبہ انسانیت و جذبہ حب الوطنی کے ساتھ کام کیا وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیز بھی کورونا وباء کے دوران فر نٹ لائن پر کام کرتی رہی ہیں۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان پہلے دن سے ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی اور اداروں کی مضبوطی کی بات کر رہے ہیں اورالحمد للہ آج پار لیمنٹ اور جمہوریت سمیت تمام ادارے مضبوط ہو رہے ہیں کیونکہ اداروں کی مضبوطی ہی دراصل پاکستان کی مضبوطی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں سے بھی کہنا چاہتاہوں کہ وہ ذاتی سیاست کی بجائے ملکی وقومی مفادات کی سیاست کو تر جیح دیں اوروطن عزیز کو کر پشن جیسے مسائل سے نجات دلانے کے لیے مل کر کام کریں۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پنجاب بھر میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کے 1200سے زائد منصوبوں پر کام جا ری ہے اور یہ منصوبے صرف حکومتی اراکین ہی نہیں بلکہ اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی کے حلقو ں میں بھی لگائے جا رہے ہیں اور انشاء اللہ مارچ تک پنجاب آب پاک اتھارٹی اور این جی اوز مشتر کہ طور پر پنجاب کے ڈیڑھ کروڑ لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کر دیں گی۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے لیے بھی صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے خصوصی طور پر منصوبوں کو تیز کیا جارہا ہے۔گور نر پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات مئی سے شروع ہورہے ہیں اوران انتخابات کے بعد نہ صرف عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے بلکہ پاکستان میں جمہوریت مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی ترقی اور خوشحالی حکومت کی اولین تر جیح ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔