• Sat. Jun 28th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

آسٹریا میں لاک ڈاؤن میں نرمی کا شیڈول جاری

Jan 31, 2022

ویانا(نمائندہ خصوصی)آسٹرین وزیراعظم کارل نہیمر،وزیر صحت مکسٹین اور قومی کوویڈ کرائسس کوآرڈینیشن (GECKO) نے ویانا میں ایک پریس کانفرنس میں آسٹریا بھر میں لاک ڈاؤن کی نرمی کا ٹائم ٹیبل پیش کر دیا۔
کورونا کی بڑھتی تعداد کے باوجود حکومت نئے نرمی کے اقدامات کر رہی ہے۔ آسٹرین وزیراعظم کارل نیہمر نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ 5 فروری سے آسٹریا بھر میں اب رات کا کرفیو ختم کر دیا جائے گا۔ایک ہفتے بعد تجارتی مراکز میں 2G پابندیاں بھی ہٹا دی جائیں گی۔ مزید ایک ہفتے بعد ریسٹورنٹوں میں بھی یہی مرحلہ وار نرمی کردی جائے گی۔ خاص طور پر ابھی تجارتی مراکز میں صرف FFP2 ماسک ضروری لاگو ہوگا۔خریداری کرنے کے لیے کورونا ٹیسٹ کی بھی ضرورت نہیں ہے۔دوسری جانب ریسٹورنٹ اور سیاحت میں 19 فروری کو 2G کی جگہ 3G آئے گا۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ کو ہوٹل یا بار میں جانے کے لیے ایک PCR ٹیسٹ کی ضرورت ہوگی جو 48 گھنٹے سے زیادہ پرانا نہ ہو۔اگر آپکو پی سی آر ٹیسٹ دستیاب نہیں ہے تو آپ ایک اینٹیجن ٹیسٹ بھی جمع کروا سکتے ہیں جو زیادہ سے زیادہ 24 گھنٹے کے لیے درست ہے۔ عوامی ’’تقریبات ‘‘ کے لیے بھی تھوڑی نرمی کردی گئی ہے۔اب 25 افراد کی بجائے اب 50 افراد بغیر تفویض کردہ نشستوں کے دوبارہ اکٹھے ہو سکتے ہیں اور 5 فروری تک اسکولوں میں بھی نئے قوانین نافذ ہونگے ان کا اعلان اگلے چند دنوں تک کیا جائے گا۔
آسٹریا کے دارالحکومت ویانا کے مئیر مائیکل لڈوگ نے وفاقی حکومت کی جانب سے کورونا کی نرمیوں کے اعلانات کے بعد سوشل میڈیا پر وفاقی حکومت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ہم فی الحال اومیکرون لہر کے وسط میں ہیں جس میں ہر روز انفیکشن کے نئے ریکارڈ تعداد میں سامنے آ رہےہیں وفاقی حکومت کی جانب سے کورونا اقدامات میں نرمی کا اعلان کرنے کا یہ غلط وقت ہے۔ وبائی مرض سے نمٹتے وقت ویانا کے لوگوں تک قابل فہم پیغامات پہنچانا میرے لیے ہمیشہ اہم تھا اور ہے۔ اس لیے میں جلد ہی اپنی ماہر کمیٹی سے وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے نرمی کے اقدامات پر مشاورت کروں گا اور پھر اپنے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا کہ ہم بہتری کے لیے کیا اقدامات کر سکتے ہیں۔
مئیر نے کہا کہ ایک بات واضح ہے میں اب بھی ایک ہوشیار اور محتاط طرز عمل کے حق میں ہوں ویانا کا کورونا سے لڑنے کا یہ ہمیشہ سے ایک طریقہ رہا ہے لوگوں کی صحت کو ترجیح دی ہے۔