بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے) علی ہاشمی صدر سٹی پریس کلب بہاول پور نے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی پرعزم حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی افواج کے مظالم کے باوجود کشمیری اپنے موقف پر ثابت قدمی سے کھڑے ہیں، پانچ اگست 2019 ء کو بھارت نے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات اٹھائے۔یوم کشمیر ریلی کے حوالے سے سٹی پریس کلب کی جانب سے کی جانیوالی واک میں صدر سٹی پریس کلب بہاول پور علی ہاشمی نے کہاکہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی پرعزم حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی افواج کے مظالم کے باوجود کشمیری اپنے موقف پر ثابت قدمی سے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 5 اگست 2019 ء کو بھارت نے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات اٹھائے۔اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو ممبر سٹی پریس کلب جمال محمد یوسف نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کی الگ شناخت کو ختم کر کے انکو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہیں‘ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل،نظر بندیاں اور محاصرے معمول بن چکے ہیں‘ کشمیریوں کا جذبہ حریت بھارت کے ناجائز قبضے سے زیادہ مضبوط ہے۔ کشمیر ریلی سے جنرل سیکرٹری حفیظ منصوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کیخلاف بھارت کے جرائم کا احتساب کرنے کا مطالبہ کرتا رہے گا۔انہوں نے کہاکہ عالمی برادری بھارت کو بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرائے‘ کشمیری عوام کو ان حق خودارادیت دلوایا جائے، جموں وکشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازعہ ہے۔ اس موقع پر نائب صدر سہیل چوہدری نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیریوں سے متعلق اپنی اجتماعی ذمہ داری کو تسلیم کرنا چاہئے‘ جنوبی ایشیاء میں دیرپا امن کے بین الاقوامی برادری مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرائے۔