اسلام آباد ( ویب ڈیسک) ملک میں صدارتی نظام کی گونج ختم ہونےکا نام نہیں لے رہی ۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی ملک میں صدارتی نظام کی حمایت کر دی ہے ۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں فیصل جاوید خان نے صدارتی نظام کی حمایت میں کہا کہ ملک میں اسلامی صدارتی نظام ہونا چاہئے ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے بھی صدارتی نظام کے حق میں بیان دیا تھا جس پر پیپلزپارٹی نے مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے وفاق سے وضاحت کا مطالبہ کیا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیپلزپارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے کہا کہ تھا کہ وفاقی حکومت گورنر خیبر پختونخوا کے بیان کی وضاحت کرے ، شاہ فرمان کا بیان غیر جمہوری اور غیر آئینی ہے، گورنر آئینی اور پارلیمانی عہدہ ہے۔
شیری رحمان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ثابت کرنے میں مصروف ہے کہ ان کو نظام اچھا نہیں ملا، کل کو کہیں گے ہم کو حکومت کرنے کے لئے ملک بھی اچھا نہیں ملا۔