بہاولپور(نمائندہ نیوز ٹائم) بہاولپور اور گردونواح میں آوارہ اور باؤلے کتوں کی یلغار،خوفناک اور خون خار کتوں کے غول،رات 8 بجے کے بعد سول ہسپتال تا ڈیرہ بکھا روڈ پر موٹر سائیکل سواروں کا نکلنا محال،متعدد شہری زخمی،رولر ہیلتھ سینٹرز پرویکسین نایاب، خوف و ہراس میں خطرناک حد تک اضافہ،میونسپل کارپوریشن اور ہیلتھ کی غفلت اور لاپرواہی کتے مار مہم تاحال شروع نہ ہو سکی،وزیر اعلیٰ پنجاب اور کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیل کے مطابق بہاولپور اور گردونواح کے علاقوں ڈیرہ بکھا، عباس نگر لال سونہارا،33 بی سی ،سمہ سٹہ خانقاہ شریف ،تیرہ سولنگ نور پور نورنگا سمیت سول ہسپتال جھانگی والا روڈ تاڈیرہ بکھا پورے روڈ پر آوارہ اور باؤلے کتوں کی یلغار اور بھر مار ہے پورے روڈ پر جگہ جگہ آوارہ کتوں کے غول کے غول پھرتے ہیں جس سے بچے بڑے بوڑھے اور جانوروں کی اکثر و بیشتر زخمی ہونے کی اطلاعات آتی رہتی ہے خصوصاً مسلم کاٹن فیکٹری اور گل پور کے درمیان آوارہ کتوں کے غول نے رات 8 بجے کے بعد لوگوں خصوصاً موٹر سائیکل سواروں کا گزرنا محال کر رکھا ہے لوگوں نے خوف و ہراس کی وجہ سے وہاں سے گزرنا ہی چھوڑ دیا ہے جبکہ محکمہ ہیلتھ ،میونسپل کارپوریشن سٹی ضلع کونسل صدر کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے کتے مار مہم تاحال شروع نہ ہو سکی،جبکہ اطلاعات کے مطابق مضافاتی علاقوں کے بنیادی مراکز صحت اور رولرز ہیلتھ سینٹرز پر کتے کاٹتے کی ویکسین کی عدم دستیابی قابل تشویش ہے بہاولپور کے عوامی و سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔