• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

بھارت نے روس سے ’ایس 400میزائل ڈیفنس سسٹم‘ کی کھیپ وصول کر لی

Apr 17, 2022

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) روس اور یوکرین کی جنگ کے دوران بھارت نے روس سے ’ایس 400میزائل ڈیفنس سسٹم‘ کی کھیپ وصول کر لی۔ ٹائمز آف اسلام آباد کے مطابق گزشتہ سال دسمبر میں بھارت کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ روس نے طویل رینج کے حامل ایس 400ڈیفنس سسٹمز کی فراہمی شروع کر دی ہے۔

مقامی نیوز ایجنسی ایشیئن نیوز انٹرنیشنل (اے این آئی)نے گزشتہ روز اپنی ایک خبر میں بتایا ہے کہ بھارت نے روس سے سمیولیٹرز اور دیگر سامان حاصل کر لیا ہے۔ بھارتی دفاعی ذرائع کے حوالے سے نیوز ایجنسی نے بتایا ہے کہ روس اور یوکرین کی جنگ کے باوجود روس سے جنگی سازوسامان کی سپلائی جاری ہے۔ بھارت کو ملنے والی حالیہ کھیپ میں اوورہالڈ فائٹر ایئرکرافٹ انجن بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس کے علاوہ اس کھیپ میں ایس 400ڈیفنس سسٹم کے آخری پارٹس بھی شامل ہیں جو بھارت کو موصول ہو گئے ہیں۔ اس سسٹم کا پہلا سکواڈرن بھارت میں آپریشنل ہو چکا ہے اور ہمسایہ ممالک سے درپیش خطرات کو نمٹنے کے لیے مستعد ہے۔نیوز ایجنسی کے مطابق اس کھیپ میں میزائل یا لانچرز شامل نہیں تھے۔

واضح رہے کہ بھارت نے 2018ءمیںامریکی پابندیوں کے خطرے کو بالائے طاق رکھتے ہوئے روس کے ساتھ ایس 400سسٹمز کاساڑھے 5ارب ڈالر کا معاہدہ کیا تھا۔بھارت روس کا طویل مدت سے اتحادی ہے تاہم حالیہ سالوں میں اس نے امریکہ کے ساتھ اپنی قربتوں میں اضافہ کیا ہے۔اس کے باوجود بھارت نے یوکرین پر حملے کے حوالے سے کھل کر روس پر تنقید نہیں کی۔