لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کرنے والی خاتون نے عدالت کی طرف سے مقدمہ خارج کیے جانے کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق کیتھرین مایورگا نامی اس 37سالہ خاتون نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے 2009ء میں امریکی شہر لاس ویگاس میں اس پر جنسی حملہ کیا تھا۔
خاتون کے مطابق 37سالہ رونالڈو نے اس پر یہ حملے ایک پینٹ ہاؤس میں کیاتھا۔ رونالڈو کی طرف سے اس الزام کی سختی سے تردید کی گئی ہے۔ خاتون کی طرف سے سین فرانسسکو کی ایک عدالت میں مقدمہ درج کرایا گیا تھا جسے ڈسٹرکٹ جج جینیفر ڈورسے نے مسترد کر دیا تھا۔
جج جینیفر ڈورسے کی طرف سے کیتھرین اور اس کے وکلاء کی سرزنش کی گئی اور کہا گیا کہ انہوں نے ایک غیرسنجیدہ اور بے معنی الزام عائد کیا ہے اوراپنے الزام کو ثابت کرنے کے لیے کوئی مستند دستاویزی ثبوت مہیا نہیں کیا۔ لہٰذا یہ مقدمہ سماعت کے قابل نہیں ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2010ء میں کیتھرین اور رونالڈو کے مابین 2لاکھ 75ہزار پاؤنڈ میں ماورائے عدالت معاملہ طے پا گیا تھا۔ تاہم اب کیتھرین اس معاہدے کو ختم کرنے اور رونالڈو سے 5کروڑ 40لاکھ پاؤنڈ کا ہرجانہ لینے کے لیے عدالتی چارہ جوئی کر رہی ہے۔ کیتھرین کی طرف سے 2017ء میں پہلی بار اس الزام کو منظرعام پر لایا گیا تھا۔ اس نے امریکہ کی اس ڈسٹرکٹ کورٹ کے فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر کر دی ہے۔