جوبا (نمائندہ خصوصی) جنوبی سوڈان کی وزارت خارجہ نے کہا کہ اس نے نیویارک شہر میں ‘ریپ کے ایک مبینہ واقعے’ کے بعد امریکہ میں مقیم اپنے ایک سفارت کار کو واپس بلا لیا ہے، اس اہلکار کو اس وقت تک معطل کر دیا گیا ہے جب تک جاری تفتیش مکمل نہیں ہو جاتی۔
جنوبی سوڈان کی وزارت خارجہ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے ” ہمیں انتہائی افسوس ہے کہ ہمارا ایک سفارتکار نیو یارک شہر کے ایک رہائشی کے ساتھ مبینہ ریپ کے واقعے میں ملوث ہے۔ مذکورہ سفارتکار کو سوڈان واپس بلا لیا گیا ہے اور اسے معطل کردیا گیا ہے، یہ اس وقت تک معطل رہے گا جب تک تفتیش مکمل نہیں ہوجاتی۔”
وزارت خارجہ کے مطابق جنسی بدسلوکی چاہے کسی بھی شکل میں ہو انتہائی گھناؤنی اور ناقابل قبول ہے۔ واقعے کی تحقیقات کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔
امریکی میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق جنوبی سوڈان کے سفارتکار پر الزام ہے کہ وہ نیو یارک میں متاثرہ کے فلیٹ میں زبردستی داخل ہوا اور اس کا ریپ کیا۔ پولیس نے پہلے تو اسے گرفتار کیا لیکن پھر سفارتی استثنیٰ کی بنیاد پر اسے رہا کردیا گیا۔