کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) طالبان قیادت نے پاکستان پر امریکیوں کو ڈرون حملوں کے لیے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے کا الزام عائد کر دیا۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق طالبان کے قائم مقام وزیردفاع ملا محمد یعقوب نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرون پاکستان کے راستے افغانستان میں داخل ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ”ہم نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ اپنی حدود ہمارے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔“ دوسری طرف پاکستان پہلے ہی ڈرون حملوں کے لیے اپنی حدود استعمال ہونے کی سختی سے تردید کر چکا ہے جب کہ طالبان کے وزیر دفاع کے بیان کے بعد ایک بار پھر دفتر خارجہ نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ طالبان قیادت بنا ثبوت الزامات لگانے سے باز رہے۔
واضح رہے کہ جولائی میں امریکہ نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ڈرون حملہ کیا تھا جس میں القاعدہ کے سربراہ ڈاکٹر ایمن الظواہری کی موت ہو گئی تھی۔