• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 کا شیڈول فائنل ، پاکستان کب کس ٹیم سے کھیلےگا ؟

Nov 4, 2019

کے آصف
سپورٹس اینکر اسلام آباد

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 کا شیڈول فائنل ، پاکستان کب کس ٹیم سے کھیلےگا ؟

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کےکوالیفائنگ راؤنڈ کے بعد میگاایونٹ کی تمام سولہ ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا ہے۔ کوالیفائنگ راؤنڈ کےبعد نیدرلینڈز ، پاپوانیوگنی ، آئرلینڈ ، نمیبیا ، اسکاٹ لینڈ اور اومان کی ٹیموں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ دوہزار بیس کےلئے کوالیفائی کرلیا۔ یہ چھ ٹیمیں سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ساتھ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے گروپ مرحلے میں حصہ لیں گی۔ چار چار ٹیموں پر مشتمل دو گروپس کےمیچز کےاختتام پر دونوں گروپ سے دو دو ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سپر 12 راؤنڈ میں پہنچیں گی۔ جہاں دنیائے کرکٹ کی ٹاپ ٹیموں کےدرمیان چیمپیئن بننے کی جنگ ہوگی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ مرحلے میں پاپوانیوگنی ، آئرلینڈ ، اومان اور سری لنکا کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے۔ گروپ بی میں نیدرلینڈز ، نمیبیا ، اسکاٹ لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔ گروپ مرحلہ اٹھارہ اکتوبر سے تیئس اکتوبر تک کھیلا جائےگا۔ گروپ مرحلے کےبعد اختتام پر گروپ اے کی پہلی اور گروپ بی کی دوسری ٹیم کو سپر12 راؤنڈ میں گروپ ون میں رکھا جائےگا۔۔ جبکہ گروپ اے کی دوسری اور گروپ بی کی پہلے نمبر پر رہنے والی ٹیم سپر12 راؤنڈ میں گروپ ٹو میں ہوگی۔
گروپ ون میں پاکستان ، آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہیں۔ گروپ ٹو میں بھارت ، انگلینڈ ، جنوبی افریقا اور افغانستان شامل ہیں۔ چوبیس اکتوبر سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر12 مرحلے کا آغاز ہوگا۔ جسکا افتتاحی میچ میزبان آسٹریلیا اور پاکستان کےدرمیان ہوگا۔ اسی روز بھارت اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں بھی مدمقابل ہوں گی۔ پاکستان کا ورلڈٹی ٹوئنٹی میں دوسرا میچ انتیس اکتوبر کو گروپ اے سے سپر12 راؤنڈ میں جگہ بنانے والی ٹیم سے ہوگا۔ اکتیس اکتوبر کو پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کےمدمقابل ہوگی۔ تین نومبر کو پاکستان کا ویسٹ انڈیز سے مقابلہ ہوگا جبکہ چھ نومبر کو پاکستان کا مقابلہ گروپ بی سے سپر12 راؤنڈ میں جگہ بنانے والی ٹیم سے ہوگا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل گیارہ اور بارہ نومبر جبکہ فائنل میچ پندرہ نومبر کو کھیلا جائےگا