پرتھ (نمائندہ خصوصی) آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل آسٹریلیا اے کیخلاف تین روزہ وارم اپ میچ میں پاکستانی ٹیم نے انتہائی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے۔
کپتان بابراعظم اور اسد شفیق نے انتہائی عمدہ بلے بازی کی جس پر آسٹریلیا کے سابق کھلاڑی اور کمنٹیٹرز بھی بالخصوص بابراعظم کی تعریف کرنے پر مجبور ہیں جن کا کہنا ہے کہ وہ موجودہ دور کے انتہائی بہترین بلے باز ہیں اور اگر وہ اسی طرح کھیلتے رہے تو تاریخ میں انہیں عظیم کرکٹر کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
آسٹریلیا کے سابق بلے باز مائیکل ہسی بھی بابراعظم کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے جن کا کہنا ہے کہ ”اگر بابراعظم ٹیسٹ کرکٹ میں سنچریاں بنانا شروع کر سکتے ہیں، تو ان کا ذکر بھی اس وقت ہوا کرے گا جب ہم دنیا کے بہترین کرکٹرز کی بات کریں گے، جیسا کہ ویرات کوہلی، سٹیو سمتھ، کین ولیم سن اور جو روٹ، بابراعظم اس قدر زبردست ہے، وہ ایک بہت ہی شاندار کھلاڑی ہے۔“