نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ’بن لادن‘ دوران قید ہلاک ہو گیا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ ’بن لادن‘ کوئی انسان نہیں بلکہ ایک جنگلی ہاتھی تھا۔ یہ ہاتھی بھارتی ریاست آسام کے جنگوں میں رہتا تھا اور اس قدر غصیلا تھا کہ اکثر آبادیوں میں آ کر تباہی مچاتا رہتا تھا۔ اسے 11نومبر کو محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے بے ہوش کرنے والی دوائی دے کر پکڑا تھا اور اورنج نیشنل پارک منتقل کر دیا تھا۔
محکمہ جنگلات کے حکام کے مطابق یہ 35سالہ ہاتھی بالکل صحت مند تھا۔ پکڑے جانے کے بعد سے اسے مسلسل بے ہوش رکھا گیا اور گزشتہ روز بے ہوشی میںہی اس کی موت واقع ہو گئی۔ اس کی موت کی وجہ ممکنہ طور پر ہارٹ اٹیک بتائی جا رہی ہے۔ اس ہاتھی نے آخری حملے میں 5دیہاتیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا جس کے بعد اسے پکڑنے کا فیصلہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ اس ہاتھی کو مقامی لوگوں اس کے غصیلے پن اور تباہ کاریوں کی وجہ سے ’بن لادن‘ کہتے تھے تاہم محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے اسے پکڑنے کے بعد ’کرشنا‘ کا نام دے دیا تھا۔